
قومی
بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع ہوں گی
سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک اور بیرون ملک سے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں تین روزہ خصوصی مذہبی تقریبات کا آغاز آج گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگا۔
تقریبات میں 25 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ یاتریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے سکھ برادری کے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے ہیں۔
سکھ برادری نے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے مذہبی رواداری، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔















