بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

او آئی سی سیکرٹری جنرل کا کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد نے آج اسلام آباد میں او آئی سی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے سیکرٹریٹ کا سرکاری دورہ کیا۔

اس موقع پر کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے وفد کو ادارے کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کامسٹیک کے اہم تربیتی پروگراموں، سائنسی فیلوشپس اور مختلف منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی، جن کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے سائنس دانوں، محققین اور تعلیمی اداروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کامسٹیک کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے رکن ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون و انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے او آئی سی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسماعیل ولد شیخ احمد نے او آئی سی کے تمام رکن ممالک میں کامسٹیک کے پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button