بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

صدر اور وزیراعظم کا ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے بروقت اسکریننگ، تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے سمیت اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے رواں سال کے موضوع ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات‘‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کے تخمینوں کے مطابق 2024ء میں پاکستان میں 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے، جن میں سے ایک چوتھائی سے زائد افراد اپنی بیماری سے لاعلم تھے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، چینی کا استعمال کم کریں، باقاعدگی سے جسمانی سرگرمیاں جاری رکھیں اور بروقت طبی معائنے کروائیں۔

صدر مملکت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ خصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں میں ذیابیطس سے متعلق آگاہی کے لیے مربوط مہمات شروع کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس صحتِ عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس سے بچاؤ کے لیے بروقت اسکریننگ اور طبی مداخلت انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم کے ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول پروگرام کے لیے 6 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق اس پروگرام کا مقصد بیماری کی ابتدائی تشخیص کے لیے اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنا، بنیادی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانا اور تشخیص و علاج تک عوام کی رسائی بہتر بنانا ہے۔

وزیراعظم نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ باقاعدہ ورزش، متوازن غذا اور طبی معائنے کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس کے اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button