بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اطلاعات کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی سے گفتگو کے دوران کہی، جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں، جو محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتے ہیں۔

دونوں فریقین نے اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی دی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے سعودی میڈیا کے نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں دونوں جانب سے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔

سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button