بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سہ فریقی ون ڈے سیریز، سری لنکا نے راولپنڈی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرکے انگلش ٹیم کے جبڑوں سے فتح چھین لی، یہ ون ڈےکی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف ہے جو کامیابی سے حاصل کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس کا پہلے فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔

انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنا ڈالے۔ یہ پاکستان میں کسی بھی ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 375 رنز کا تھا، جوپاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔

انگلش کپتان ہیری بروک نے دھواں دھار اننگز کھیلی اور ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی۔ ہیری بروک نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی اور 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک کے علاوہ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جوروٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ویلالاگے سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز مایوس کن رہا۔ سری لنکن ٹیم نے صرف 5 اوورز کے اندر 24 رنز پر اپنے دونوں ابتدائی بلے بازوں کو کھو دیا۔ کمیندو مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان کوشل مینڈس کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد پون رتنائیکے نے اویشکا فرنینڈو کے ساتھ مل کر انگلینڈ کے بولرز پر جوابی حملہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے صرف 137 گیندوں پر 166 رنز کی شراکت قائم کی۔ 28ویں اوور میں فرنینڈو 83 گیندوں پر 97 رنز بنانےکے بعد پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

فرنینڈو کے آؤٹ ہونے کے بعد داسن شناکا پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔ تجربہ کار آل راؤنڈر نے رتنائیکے کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار برقرار رکھی اور چوتھی وکٹ کے لیے تیزی سے 133 رنز جوڑ دیے۔ اس دوران رتنائیکے نے اپنی دوسری ون ڈے سنچری مکمل کی۔

41ویں اوور میں رتنائیکے 106 گیندوں پر 130 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سیم کرن کا شکار بنے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

دوسری جانب شناکا نے جنتھ لیاناگے کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت قائم کرکے ہدف کا تعاقب جاری رکھا تاہم وہ نروس نائنٹیز شکار ہوگئے اور 97 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔شناکا نے صرف 50 گیندوں پر 97 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

شناکا کے آؤٹ ہونے کے بعد لیاناگے نے سری لنکا کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ انہوں نے 50 ویں اوور کی پانچویں گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو جیت دلوادی۔لیاناگے نے 27 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 79 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ان کے علاوہ سیم کرن نے 2 جب کہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ پاکستانی گراؤنڈ پر تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کا تعاقب ہے، اس سے پہلے جنوبی افریقا نے ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button