
پاکستان اور کینیا کا دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کینیا کے صدر ولیم ساموئی روٹو نے پاکستان اور کینیا کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی سیشن کے موقع پر ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے ادویات، ٹیکسٹائل، جراحی آلات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی رابطوں میں تسلسل اور دوطرفہ تعاون کے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔















