
پاکستانی ایم ایم اے کیلئے تاریخی کامیابی، عاصم خان نے ایشین گیمز میں پہلا تمغہ یقینی بنا دیا
عاصم خان نے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے ایم ایم اے کا پہلا تمغہ یقینی بنا کر تاریخ رقم کر دی۔
ماڈرن ایم ایم اے کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں مقابلہ کرتے ہوئے عاصم خان نے کوارٹر فائنل میں کمبوڈیا کے سوپانھا پھینگ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جس کے ساتھ ہی ایشین گیمز میں پاکستان کا تاریخی پہلا ایم ایم اے میڈل یقینی ہو گیا۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے صدر، جنرل سیکریٹری، ایگزیکٹو بورڈ، عہدیداران اور تمام اراکین کی جانب سے عاصم خان اور ان کے آفیشل کوچ دلاور خان سمنان کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

صدر PMMAF ذوالفقار علی نے عاصم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان ایم ایم اے کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصم خان پہلے ہی ایشین سلور میڈلسٹ اور ورلڈ برونز میڈلسٹ کی حیثیت سے اپنی صلاحیت ثابت کر چکے ہیں، اور فیڈریشن کو پورا یقین ہے کہ وہ اپنی محنت، تجربے اور عزم کے ساتھ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
فیڈریشن کے مطابق تاریخی میڈل یقینی ہو چکا ہے، تاہم مشن ابھی جاری ہے، اور عاصم خان کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
صدر PMMAF ذوالفقار علی نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) ، پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) اور تمام معاون اداروں، آفیشلز، کوچز اور ایتھلیٹس کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان ایم ایم اے کی مسلسل حمایت کی۔ فیڈریشن نے مزید بین الاقوامی اعزازات اور میڈلز حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ مقابلے 20 ستمبر 2026 کو آئیچی-ناگویا، جاپان میں جاری ایشین گیمز کے دوران کھیلے گئے۔















