بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

پیر عبدالصمد انقلابی کا جموں کشمیر کی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر کی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق، سیاسی آزادیوں اور حقِ خودارادیت سے انکار بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔جموں کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ جموں کشمیر تنازع اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں شامل ہے، جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری سے ہونا چاہیے، رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی میں متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، بھارت کے نام نہاد سرکاری نقشوں اور یکطرفہ خودمختاری کے دعووں کی کوئی حیثیت نہیں۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے عالمی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرے۔ بھارت کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنے وعدے پورے کرے، کشمیری عوام کا حق خودارادیت متعلقہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے اور بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں سیاسی رہنماؤں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عام شہریوں کی آواز دبانے کے لیے جبری گرفتاریوں اور سفری پابندیوں جیسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

سینئر حریت رہنما و مجاہد ملت اور اسیرِزندان پیر عبدالصمد انقلابی نے تہار جیل اور بھارت کی دیگر جیلوں میں نظر بند حریت رہنماؤں اور کشمیری قیدیوں کو درپیش نامساعد حالات، طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور ضمانتوں کی مسلسل منسوخی کی شدید مذمت کی اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے آواز اٹھائیں

یہ بھی پڑھیے

Back to top button