
یوسف رضا گیلانی کا کیپیٹل مارکیٹ کے استحکام کے لیے پالیسی تسلسل پر زور
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کیپیٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور مستحکم معاشی بنیادوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج (ISE) ٹاورز لمیٹڈ میں بانیوں کی دیوار (Founders’ Wall) کا افتتاح کیا اور ادارے کی بنیاد رکھنے والے پیش رو افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کیپیٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے تین ترجیحات اجاگر کیں۔ ان میں مالیاتی خواندگی کے پروگراموں کے ذریعے عوام کی مالیاتی شمولیت بڑھانا، خاندانی کاروبار اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی ترغیب دینا، جبکہ مستحکم معاشی بنیادوں اور طویل مدتی ساختی اصلاحات کے ذریعے پالیسی استحکام برقرار رکھنا شامل ہے۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کے معاشی سفر میں ایک اہم شراکت دار ہے اور کیپیٹل مارکیٹ سے متعلق قانون سازی کو بہتر بنانے، SECP کے تحت ریگولیٹری فریم ورک مضبوط کرنے اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔















