
پاک فضائیہ نے 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا
پاک فضائیہ نے آج 7 ستمبر کو ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر یومِ شہدا کے طور پر منایا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی بہادری، شجاعت اور فرض سے وابستگی کو یاد کیا گیا۔
یومِ شہدا کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں، معرکۂ حق کے شہدا اور قیامِ پاکستان سے اب تک فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔
اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاک فضائیہ کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے عزم کی بنیاد ہیں۔
بعد ازاں ایئر چیف نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
کراچی میں نشانِ حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر بھی پاک فضائیہ کے دن کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں ایئر وائس مارشل اختر عمران صدی زئی نے چیف آف دی ایئر اسٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔















