بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر اور وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ اور انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کو کامیابی سے ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنانے پر ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے مؤثر اور بروقت ردِعمل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button