
خیبر پختونخوا میں 21 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر طور پر بے اثر کیے جانے والے خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔
ایک اور جھڑپ میں شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران دو الگ الگ جھڑپوں میں مزید 4 خوارج بھی ہلاک ہوئے۔
علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے ساتھ بار بار پیش آنے والے واقعات ایک مرتبہ پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتے ہیں کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر قائم ہیں، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔















