
میلاد مصطفیٰ ﷺ آج مذہبی جوش و خروش اور عقیدت سے منایا جا رہا ہے
میلاد مصطفیٰ حضرت محمد ﷺ آج ملک بھر میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ میلاد مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
فجر کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جن میں اتحادِ امتِ مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
دن کی مرکزی تقریب بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آج وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا موضوع ’’سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں نوجوان نسل کا تحفظ، ترقی اور کردار سازی‘‘ ہے۔
ملک کے تمام شہروں میں میلاد کے جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں، جن میں علماء اور خطباء حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے آپ ﷺ کی تعلیمات اور سنت پر عمل کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔
میلاد مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر سڑکوں، شاہراہوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو سبز جھنڈیوں، جھنڈیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔















