
بلوچستان میں 18 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوراب میں دہشت گرد ایک گاڑی میں نصب کیے جانے والے دیسی ساختہ بم کی تیاری میں مصروف تھے کہ اسی دوران دھماکا ہو گیا۔ تیاری کے دوران ہونے والے قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے اور دہشت گردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے کے باعث قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانا تھا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بہادر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔















