
صدر اور وزیراعظم کا 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔















