بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

5 اگست جموں و کشمیر کی حالیہ تاریخ کا ایک انتہائی المناک دن ہے، عبدالصمد انقلابی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیر کی حالیہ تاریخ کا ایک انتہائی المناک دن ہے جب مودی حکومت نے 2019ء میں اس دن کشمیر کی خصوصی حیثیت اور کشمیریوں کی شناخت، تہذیب و ثقافت پر ایک شاطرانہ وار کیا۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارت کے اس جارحانہ اقدام کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے اس مرتبہ بھی 5 اگست کو "یوم استحصال کشمیر” کے طور پر منایا جائے گا۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو جموں و کشمیر کی آئینی، تاریخی اور قانونی حیثیت کے خلاف نہ صرف ایک ننگی جارحیت کی بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی دھجیاں اڑائیں۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ 370 اور 35 اے دفعات کی منسوخی اور جموں و کشمیر کی تقسیم بھارتی حکومت کے نوآبادیاتی عزائم کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس سنگین اقدام کے خلاف کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے علاقے کا مکمل طور پر فوجی محاصرہ کیا اور اظہار رائے کی آزادی کے حق سمیت ان کے تمام حقوق سلب کر لیے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کا واحد مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے، مودی حکومت نے اس مذموم مقصد کے حصول کیلئے اب تک لاکھوں بھارتی ہندوﺅں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم کشمیری بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور وہ اپنی تحریک آزادی کو عزم و حوصلے کیساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر جاری مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے بیرونِ ممالک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ”یومِ استحصال کشمیر“ کے موقع پر 5 اگست کو پرامن احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کریں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button