
ایندھن کی سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کی سپلائی چین کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مکمل ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فیول کی ترسیل کی سخت نگرانی کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جدید ٹریکنگ سسٹم کی طرز پر مؤثر نظام تیار کیا جائے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کی تنظیمِ نو اور نجی شعبے کے معتبر ماہرین کی شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوگرا کی اصلاحات اور تنظیمِ نو کے لیے ہر ممکن پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے وسائل کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی نظام میں مداخلت یا عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تمام ریگولیٹری اداروں اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان مؤثر اور باضابطہ رابطے کے قیام کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے منظور شدہ پالیسی کے تحت آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کرنے اور تمام اداروں میں حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوگرا نے بندرگاہ سے پیٹرول پمپ تک تیل کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیشنل مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو ٹینک ٹیلی میٹری سسٹمز، رہگزر موبائل ایپ اور سنٹرل مانیٹرنگ سیل فعال ہیں، جن کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، نقل و حمل اور فروخت کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جولائی 2026 کے دوران ڈیٹا پر مبنی مہم کے نتیجے میں ذخیرہ اندوزی اور غیر ضروری سپلائی میں رکاوٹ کے متعدد واقعات سامنے آئے، جن پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور قانونی کارروائی بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے اوگرا کے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید ڈیجیٹل نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ آئل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ایندھن کی بلا تعطل فراہمی اور مناسب قیمتوں پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔















