بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اور ایف اے او کا غذائی تحفظ اور پائیدار زراعت میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، پائیدار زراعت، لائیو اسٹاک کی ترقی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور ایف اے او کے ایشیا و بحرالکاہل کے ڈپٹی ریجنل نمائندے رابرٹ سمپسن کی قیادت میں آنے والے وفد کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں نہایت کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے جاری منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور تکنیکی معاونت میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غذائی تحفظ اور ایس پی ایس (Sanitary and Phytosanitary) نظام کو مضبوط بنانا، لائیو اسٹاک کی برآمدات میں اضافہ اور درآمدی گندم و خوردنی تیل پر انحصار کم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

ایف اے او کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں سے فنڈنگ کے حصول میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button