
پاکستان کا وقار اور عالمی مقام مسلسل بلند ہو رہا ہے، عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا وقار اور عالمی سطح پر اس کا مقام مسلسل بلند ہو رہا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
لاہور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی بہن نورین نیازی کے حالیہ بیانات پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا، جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی ان بیانات کو نمایاں انداز میں نشر کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور قومی مفادات ہر چیز سے بڑھ کر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر سیاسی مفادات کے لیے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی منفی سیاست اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرتے ہیں، اور تاریخ نورین نیازی کے اس اقدام کو بھی اسی تناظر میں یاد رکھے گی۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ترقی کی جانب مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنماؤں اور کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے مشکل حالات میں بھی جماعت کا ساتھ دیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا نعرہ "کشمیر بنے گا پاکستان” ہے اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مہاجرین کی حب الوطنی پر کسی کو سوال اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ مسئلہ کشمیر کے خلاف ہر سازش اور بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ انتخابات کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔














