
کینیڈا کی وزیر خارجہ کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق انیتا آنند کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے، جن میں پاکستان اور کینیڈا کے باہمی تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
دورے کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔














