بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

غیرقانونی ہجرت کے خلاف پاکستان کی حکمتِ عملی عالمی ماڈل بن گئی، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ غیرقانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے پاکستان کی مؤثر حکمتِ عملی اب عالمی برادری کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل بن چکی ہے۔

وہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ اسمگلنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ غیرقانونی ہجرت صرف سرحدی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ غیرقانونی ہجرت کی مؤثر روک تھام کے لیے محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے نظام کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے، تاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی نقل و حرکت جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران یورپی یونین نے غیرقانونی ہجرت کے خلاف پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

شرکاء نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کی جانب سے انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کامیاب کارروائیوں اور اقدامات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ غیرقانونی ہجرت کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر معلومات کے تبادلے، مشترکہ حکمتِ عملی اور قریبی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button