
پاکستان اور برطانیہ کا انسداد دہشت گردی اور امیگریشن کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور برطانیہ نے انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی اور امیگریشن کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس اتفاقِ رائے کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانیہ کے دفترِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور (FCDO) کے انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہیمش فالکنر کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، علاقائی صورتحال، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس تربیت سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر اپ اسکل (Upskill) منصوبے کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور اس سے پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے پیشہ ورانہ معیار اور ادارہ جاتی استعداد کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں ممالک نے جعلی طلبہ ویزوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، جو دونوں ممالک کے لیے بڑھتی ہوئی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورکس اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمزور اور بے بس افراد کا استحصال کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
علاقائی سلامتی کے حوالے سے وزیر داخلہ نے برطانوی عہدیدار کو آگاہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین سے متعدد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔
محسن نقوی نے برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے مفاد میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
اس موقع پر برطانوی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہیمش فالکنر نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں نے اسلام آباد کو عالمی امن کے ایک اہم داعی کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کردار علاقائی اور عالمی امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
برطانوی عہدیدار نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امن و استحکام کے فروغ میں کردار کو بھی سراہتے ہوئے اسے تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا۔















