
برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور صنعتی اشیاء کی ملکی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وہ اسلام آباد میں سیکٹرل اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعت و حرفت کی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ قومی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ صنعت، تجارت اور معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا مقصد طویل المدتی معاشی فوائد اور عوامی فلاح ہونا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل توانائی ذرائع پر مبنی جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کے لیے جامع اور مؤثر الیکٹرک وہیکلز (EV) پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اصلاحاتی اقدامات میں انتظامی شفافیت اور بہترین کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔















