
صدر، وزیراعظم کی تمام پاکستانیوں اور پوری امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے تمام پاکستانیوں اور پوری امتِ مسلمہ کو عیدالاضحی کی دلی مبارکباد دی ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت، صبر، وفاداری، اخلاص اور ایثار کے عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے جس کی روشن مثال حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی عظیم سنت میں ملتی ہے۔صدر نے کہا کہ قربانی کی حقیقی روح کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے دلوں میں دوسروں کے لئے جگہ پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیاں اس وقت تک مکمل نہیں ہوتیں جب تک ضرورت مندوں، یتیموں، بیوائوں، خصوصی افراد اور معاشرے کے دیگر محروم طبقات کو ان خوشیوں میں شامل نہ کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایثار، اتحاد اور یکجہتی کا جذبہ اقوام کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔















