
وزیر داخلہ اور امریکی معاون وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
امریکی محکمہ خارجہ کے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے معاون وزیر پال کپور نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ تنازع کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے پُرامید ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے۔
وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان براہِ راست پروازوں کا جلد آغاز ہوگا۔















