بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،سردار یوسف

روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز آج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔عازمین حج کو مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے وزارت حج حکام کے ہمراہ ایئرپورٹ پررخصت کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان نے سعودی حکومت کے تعاون سے حج کی تیاریاں شیڈول کے مطابق مکمل کیں اور عازمین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ عازمین حج کو سعودی امیگریشن اور دیگر رسمی کارروائیاں روانگی کے وقت ہوائی اڈے پر مکمل کرنے کی سہولت دے ر ہا ہے جس سے سعودی عرب میں ان کی آمد میں آسانی ہوگی۔اس سال اس اقدام کو کراچی اور اسلام آباد کے علاوہ لاہور تک پھیلا دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ پچانوے ہزارسے زائد عازمین اس سے مستفید ہوں گے۔

عازمین حج کو ای سم کارڈ بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے وہ پاکستان میں اپنے اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے۔کل سے شروع ہونے والے پاکستان کے قبل از حج فلائٹ آپریشن کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں سے پروازوں کے ذریعے ایک ہزار تین سو ستاون عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا ہے۔

مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کا ایئرپورٹ پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل سید مصطفی ربانی اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔تمام عازمین حج کو مدینہ منورہ کے علاقے مرکزیہ پہنچا دیا گیا جو کہ مسجد نبوی سے ملحقہ ضلع ہے ۔ پاکستانی حج مشن نے اس سال کی سرکاری سکیم کے تمام ایک لاکھ انیس ہزار دو سو دس عازمین کے لیے اس علاقے میں رہائش کا انتظام کیا ہے۔

عازمین حج نے بہترین انتظامات کرنے پر پاکستانی اور سعودی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔قبل از حج آپریشن حج کے ایام شروع ہونے تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button