
پاکستان نے تیل و گیس کے لیے 11 آنشور بلاکس کی منظوری دے دی
پاکستان نے تیل اور گیس کی دریافت کے لیے گیارہ آنشور بلاکس کی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی موجودگی میں پٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس اور ایکسپلوریشن لائسنسز کی تقریبِ دستخط منعقد ہوئی۔
حکام کے مطابق، ان معاہدوں کے تحت آئندہ تین سالوں میں تیل اور گیس کی دریافت کی سرگرمیوں میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، جبکہ سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر 276 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔
یہ بلاکس آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور پرائم گلوبل انرجیز کو الاٹ کیے گئے ہیں۔ گیارہ بلاکس میں سے آٹھ بلوچستان، دو سندھ اور ایک پنجاب میں واقع ہیں۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے ملکی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں حکومت کے اقدامات کا ایک اہم سنگِ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں اور حکومت کی کوششوں کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان میں ایک مستحکم اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جائے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ نئی سرمایہ کاری ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور توانائی کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔















