
وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان 2026 کے موقع پر مستحق خاندانوں کے لیے 38 ارب روپے مالیت کا رمضان ریلیف پیکیج جاری کر دیا ہے۔
پیکیج کے تحت 28 ارب روپے اُن 21 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جو کسی دوسرے کفالت پروگرام سے مستفید نہیں ہو رہے۔ ہر خاندان کو 13,000 روپے دیے جائیں گے۔
مزید 10 ارب روپے حکومت کے کفالت پروگرام میں شامل ایک کروڑ خاندانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ تمام ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے ریلیف کی شفاف تقسیم اور عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کابینہ کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پیکیج سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے 12.1 ملین مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ پیکیج شفاف اور باعزت طریقے سے فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی مستحق کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
وزیراعظم نے یاد دہانی کرائی کہ پچھلے سال مستحق افراد کو دی جانے والی ادائیگیوں کا تیسرے فریق کے ذریعے آڈٹ کیا گیا اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کرپشن نہیں پائی گئی۔















