
حکومت دماغی صحت کو قومی ترجیح بنانے کے لئے پرعزم ہے،صدرمملکت
صدر آصف علی زرداری نے دماغی صحت کو قومی ترجیح بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج (جمعہ) دماغی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں، انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے ذہنی امراض کو ختم کرنے میں تعاون کریں۔صدر مملکت نے خاندانوں، مدرسوں، ورکشاپس اور خاندانوں کے درمیان افہام و تفہیم کیلئے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر میں ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد سے یکجہتی کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی سہولتوں میں ذہنی صحت کی خدمات کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیلی مینٹل ہیلتھ پلیٹ فارم کے ذریعے دُور دراز اور پسماندہ علاقوں تک علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کو بھی ذہنی امراض کی تشخیص اور ایسے افراد کو مدد اور تعاون فراہم کرنے کیلئے تربیت دی جا رہی ہے جبکہ ان امراض پر قابو پانے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔













