بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ہیلی میتھیوز کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی، پاکستان ویمنز کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے ہاتھوں 113 رنز کی شرمناک شکست

ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے کپتان ہیلی میتھیوز کی کریئر بیسٹ سنچری اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 113 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ہیلی میتھیوز اس عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

جمعرات کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بنائے۔

پاکستان ویمنز ٹیم جواب میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز ویمنز کی اننگز میں ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں102 رنز کا اضافہ کیا۔ شیمین کیمبل چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر لیگ اسپنر طوبٰی حسن کی گیند پر ایل بی ڈْبلیو ہوگئیں۔

ہیلی میتھیوز نے 150گیندوں پر140 رنز کی ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری ہے اس سے قبل انہوں نے 2021 میں انٹیگا میں سنچری اسکور کی تھی۔

پاکستان ویمنز کی طرف سےلیفٹ آرم اسپنر سعدیہ اقبال 38 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہیں۔ لیگ اسپنر طوبی حسن نے بھی دو وکٹیں 48 رنز دے کر حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں طوبٰی حسن 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

ہیلی میتھیوز نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیے  ساجد خان نے کس مایہ ناز آف سپنر کا ریکارڈ برابر کردیا

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور ۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 269 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) ہیلی میتھیوز 140 رنز ناٹ آؤٹ۔شیمین کیمبل 45۔سعدیہ اقبال 38 / 2 وکٹ۔ طوبٰی حسن 48 / 2 وکٹ ۔
پاکستان ویمنز۔ 156 رنز ( 35.5 اوورز ) طوبٰی حسن 25۔ ہیلی میتھیوز 17 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کی 113 رنز سے کامیابی۔

Back to top button