بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دولت مشترکہ مبصر گروپ کے سربراہ کی وفد کے ہمراہ نگران وزیراعظم سے ملاقات

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دولتِ مشترکہ کے مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن نے وفد کے ہمراہ نگران وزیر اعظم سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے وفد کی انتخابات 2024 کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024 کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات 2024 کے جائزے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے، نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کے لیے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات 2024 میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔وفد نے سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا اور انتخابات 2024 کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

مزید پڑھیے  سپریم کورٹ کا پنجاب، خیبر پنخوا میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم
Back to top button