بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پنجاب حکومت کا سموگ کے حوالے سے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

 سموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب حکومت نے سموگ کے حوالے سے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس ہوا جس میں  سموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ماہرین ماحولیات اور صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا  کہ سموگ کے حوالے سے پابندیوں کو ختم کیا جا رہاہے، ادارے، مارکیٹیں، بازار،ریسٹورنٹس اور بزنس ہاؤسز کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، 18دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

محسن نقوی نے سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، سموگ میں کمی کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد،بلال افضل نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید پڑھیے  وکیل کلائیو اسمتھ کو ملاقات کی اجازت ملنے پر ''فریڈم فار عافیہ واک'' عارضی طور پر ملتوی
Back to top button