بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو نیوزی لینڈ الیون ویمنز نے28 رنز سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ الیون ویمنز نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ میں28 رنز سے شکست دیدی۔یہ اس دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا دوسرا پریکٹس میچ تھا ۔

منگل کو کھیلے گئے پہلے پریکٹس ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز نے 57 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔برٹ سٹکلف اوول لنکن میں جمعرات کے روز کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز اسکور کیے۔

جی ای پلیمر نے 35 گیندوں پر52 رنز بنائے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔او این گین نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ندا ڈار ۔نشرہ سندھو اور وحیدہ اختر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بنا پائی۔منیبہ صدیقی نے چار چوکوں کی مدد سے32 رنز بنائے۔نجیہہ علوی 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ این ایچ پٹیل اور کے اے نائٹ نےدو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس موقع پر دونوں ٹیموں نے سپر اوور بھی کھیلا پہلے سپر اوور میں دونوں ٹیموں نے دس دس رنز اسکور کیے جس کے بعد دوسرا سپر اوور کھیلا گیا نیوزی لینڈ الیون ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 رنز بنائے ۔ پاکستان ویمنز ٹیم بھی 9 رنز بنا پائی اور یہ سپر اوور بھی برابر ہوگیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز تین دسمبر سے ہوگا۔سیریز میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

Back to top button