بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم، آپریشن شروع، 64 افغانی اسلام آباد سے روانہ

حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت آج ختم ہو گئی، جس کے بعد تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا۔پاکستان میں غیر قانونی موجود غیر ملکیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں اور انخلا کے انتظامات مکمل ہوگئے ، اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ، معمولی جرائم میں زیر تفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کردیا جائے گا۔

حکم کے مطابق کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث ہوا تو قانونی کارروائی ہوگی، بے دخلی کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہو گا، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جائے گا۔.

سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔

سندھ میں مقیم 2 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، اسی طرح خیبرپختونخوا میں مقیم 3 لاکھ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں میں سے رضاکارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ہولڈنگ سنٹروں میں منتقل کیا جائیگا۔

 

پنجاب اور بلوچستان میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی کیلئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور ان کا ڈیٹا سکیننگ سے چیک کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے  ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، وزیراعظم

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے 64افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کیلئے روانہ کیا ، دو بسوں میں سوار افغان باشندوں کو پولیس سکیورٹی میں طورخم بارڈر کیلئے روانہ کیا گیا ۔

 

بعدازاں  اسلام آباد سے ان  64 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا قافلہ پشاور پہنچ گیا ہے ، تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو مختص کیمپ لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیاہے ، کیمپ میں ضروری دستاویزی کارروائی کے بعد باعزت طریقے سے سرحد پار کرایا جائے گا۔

Back to top button