بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی فورسز کا پناہ گزینوں کے کیمپ پر فضائی حملہ، 100 سے زائد فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 150 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر 6 بم گرائے جس سے پناہ گزین کیمپ مکمل تباہ ہو گیا، شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حملے میں مزید شہادتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جبالیہ کیمپ پر حملے میں حماس کے کمانڈر ابراہیم برہائی کو مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبالیہ کیمپ پر حملہ حماس کے کمانڈر کے موجود ہونے کی اطلاع پر کیا، حملے میں حماس کے کمانڈر کو مار دیا ہے، ابراہیم برہائی حماس کا جبالیہ کیمپ بٹالین کا کمانڈر تھا اور 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کئے جانے والے حملے میں شامل تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے زمینی حملے ناکام ہونے پر فضائی حملے تیز کر دیئے ہیں، غزہ میں 45 فیصد رہائشی مکان، عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں، صیہونی فورسز نے ترک فلسطین دوستی کینسر ہسپتال پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں ہسپتال ملبے کا ڈھیر بن گیا، اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر فاسفوس بم برسانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

 

صیہونی کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، شہداء میں 3600 سے زائد بچے، 1800 کے قریب خواتین بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں روز 420 بچے حملوں میں شہید اور زخمی ہو رہے ہیں

مزید پڑھیے  اسرائیلی فوج کی صبح سویرے بمباری، 2 فلسطینی شہید
Back to top button