بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

12ربیع الاول عید میلادالنبیؐ، ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی خوشاب کے اجلاس کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) 12ربیع الاول عید میلادالنبیؐ کے موقع پر امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے لئے ڈی سی کانفرنس روم میں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی خوشاب کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کی جبکہ اجلاس میں ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم،اے ڈی سی (جی) احمد صہیب،اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اعجاز احمد ملک،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر رانا محمد اکبر،ممبر امن کمیٹی میں مولانا محمد زبیر،مولانا سلیم الرحمٰن،حافظ محمد مبارک،قاری غلام محی الدین، قاری محمد امین مولانا محمد اعجاز شاکری،کے علاوہ کمیٹی کے دیگر ممبران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

 

ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ پوری انسانیت کے لئے پیغامِ امن اور رحمت بن کر آئے۔آپ ؐہی آخری نبی ہیں جنکے اُمتی بننے کا ہمیں شرف حاصل ہوا۔لہٰذا ہمیں اتنا بڑا شرف حاصل ہونے پر فخر کرنا چاہئے اور ہر طرف امن کا پیغام پھیلانا چاہئے اور 12ربیع الاول کے جلوسوں میں امن کمیٹی کے ممبران اپنا فعال کردار ادا کریں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب توقیر محمد نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول آخری نبی حضرت محمدؐ کی ولادت با سعادت کا مہینہ ہے۔یہ ایسی خوشی کا موقع ہے جس میں تمام مسالک کے لوگ اپنے اپنے انداز میں خوشیاں مناتے ہیں۔لہٰذا انتظامیہ وپولیس نے تمام ریلیوں،سیمینارز،اور دیگر پروگرامز کے لئے فول پروف انتظامات کر دیئے ہیں۔

 

اُنہوں نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے ممبران بھی اپنا فعال کردار ادا کریں۔اگر امن کی راہ میں کوئی خلل ڈالنے کی کوشش کرے تو اسکی فوری پولیس کو اطلاع دی جائے۔اجلاس میں مولانا محمد زبیر، صاحبزادہ قاضی محمد عثمان ،رانا سلیم الرحمٰن، ملک فاروق حسن ٹوانہ ،محمد اعجاز شاکری، قاری محمد امین، راجہ طارق مسعودایاز،دلدار حسین ایڈووکیٹ اورنفیس پادری نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن کے لئے ضلعی انتظامیہ وپولیس سے بھرپور تعاون کریں گے۔قاری محمد امین اور دیگر ممبران نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کچھ مسائل کی طرف توجہ دلائی جس پر صدرِ اجلاس نے فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیے  حمزہ شہباز نے آج صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا
Back to top button