بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ، سنسنی مقابلے کے بعد افغانستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست، سپرفور مرحلے سے آئوٹ

سری لنکا نے ایشیا کپ کے گروپ بی کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کی پوری ٹیم کو 289 رنز پر آؤٹ کرکے 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنائی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں سری لنکا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کے اوپنرز 10 اوورز میں 63 رنز کی شراکت کی اور دیمتھ کارونارتنے 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاتھم نسانکا اور وکٹ کیپر بلے باز کوسل مینڈس نے اچھی شراکت قائم کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئے اور 86 کے اسکور پر نسانکا بھی گلبدین نائب کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 40 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے تھے۔سدیرا سمراوکراما صرف 3 رنز بنا سکے اور گلبدین نائب کی تیسری وکٹ بنے تاہم کوسل مینڈس نے 86 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

کوسل مینڈس اور اسالینکا کے درمیان 102 رنز کی طویل شراکت ہوئی لیکن اسالینکا 36 رنز کی اننگز کھیل کر 34 ویں اوور میں رن آؤٹ ہوگئے، اس وقت سری لنکا کا اسکور 188 رنز تھا۔دھنانجیا ڈی سلوا نے 14 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 221 رنز تک پہنچانے کے لیے ایک اینڈ سے کپتان کا ساتھ دیا، انہیں مجیب الرحمٰن نے بولڈ کردیا۔

سری لنکا کا اسکور 40 ویں اوور کی پہلی گیند پر 226 رنز تھا کہ کپتان کوسل مینڈس نے 92 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کا خاتمہ ہوا اور ٹیم کو چھٹا نقصان برداشت کرنا پڑا۔کپتان داسن شناکا 5 رنز بنا سکے اور انہیں راشد خان نے 227 کے اسکور پر بولڈ کردیا۔سری لنکا نے 7 وکٹیں 40 ویں اوور میں گریں تو ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان کے لیے ایک آسان ہدف ملے گا لیکن دونتھ ویلالیگ اور مہیش تھیکشانا نے زبردست شراکت کرتے ہوئے اس تاثر کو رد کردیا۔

مزید پڑھیے  افغانستان کیلئے او آئی سی اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کے مشکور ہیں،انٹونی بلنکن

دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں ٹیم کو 291 تک پہنچایا تاہم تھیکشانا 24 گیندوں پر دوچوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنا کر اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔دونیتھ ویلالیگ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے اور 39 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمٰن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔افغانستان نے ہدف کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور پہلی وکٹ 10 رنز پر گری اور رحمٰن اللہ گرباز 4 رنز بنا کر رجیتھا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ابراہیم زدران پانچویں اوور میں 7 رنز بنا کر کر آؤٹ ہوئے، جس کے لیے انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا۔

گلبدین نائب تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور جارحانہ انداز ضرور اپنایا لیکن ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہوتے ہی پتھیرانا کا نشانہ بنے تاہم انہوں نے 16 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے تھے۔رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے اچھی شراکت کی اور اسکور 19 ویں اوور میں 121 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر رحمت شاہ 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔محمد نبی نے کپتان شاہدی کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت کی امید دلائی اور 47 گیندوں پر 80 رنز کی شراکت بنائی، اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کی۔

افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی نے 32 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 201 کے اسکور پر تھیکشانا کی گیند پر ڈی سلوا کو کیچ دے گئے۔کریم جنت کو ویلالیگ نے 234 کے اسکور پر آؤٹ کیا جبکہ انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 22 قیمتی رنز بنائے تھے۔

مزید پڑھیے  جمیکا ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز کی پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں برتری

کپتان حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہونے والے افغانستان کے ساتویں بلے باز تھے جو 66 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بنا کر 32 ویں اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 237 رنز تھا۔نجیب اللہ زدران اور راشد خان نے افغانستان کو ہدف کے قریب پہنچایا تاہم 276 کے اسکور پر نجیب اللہ زدران 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے ڈی سلوا نے 38 ویں اوور میں 289 کے اسکور پر افغانستان کی دو وکٹیں اڑائیں، پہلے مجیب الرحمٰن اور پھر فضل حق فاروقی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔افغانستان کی پوری ٹیم 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور صرف دو رنز سے سے میچ ہار گئی۔راشد خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 27 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔سری لنکا کے راجیتھا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

Back to top button