بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ، پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ بارش نے جیت لیا

ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا ہے لیکن بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

تاہم اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب آدھے گھنٹے سے زائد تک کھیل رکا رہا۔

میچ دوبارہ شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی زیادہ بہتر ردھم میں نظر آئے اور تیسری ہی گیند پر شاہین نے بھارتی کپتان روہت شرما کو بولڈ کردیا۔

شاہین آفریدی نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور کی تیسری گیند پر ویرات کوہلی کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیاب دلائی۔

حارث رؤف کو باؤلنگ پر متعارف کرایا گیا تو شریاس آئیر نے ان کا استقبال دو چکے لگا کر کیا لیکن اگلے اوور میں فاسٹ باؤلر نے اس کا بدلہ انہیں پویلین رخصت کر کے کیا اور بھارتی ٹیم 10 اوورز میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

شبمن گل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر ان کی 32 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کی حارث رؤف کے ہاتھوں ہی اختتام کو پہنچی اور بھارت کو 66 رنزپر چوتھا نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیے  مقبوضہ کشمیر میں مسلم طلبا کو بھجن گانے پر مجبور کیا جا رہاہے،متحدہ مجلس عمل

نوجوان بلے باز ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

دونوں کھلاڑیوں نے دباؤ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایشان کشن کو چلتا کردیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہردک پانڈیا نے دوسرے اینڈ سے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور حارث رؤف کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے جس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 87 رنز پر ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

روایندرا جدیجا سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی صرف 14 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کا بھی کام تمام کردیا۔

کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ نے اسکور کو 261 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر اسپنر وکٹ کیپر کو کیچ دے پویلین لوٹ گئے۔

بمراہ نے نسیم شاہ کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

بھارت کی پوری ٹیم 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیے  افغانستان سے سیریز، بابر اعظم سمیت 4کرکٹرز کو آرام دیا جائیگا

بھارت کی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ کافی دیر تک تاخیر کا شکار شکار رہا۔

امپائرز نے کئی مرتبہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور بالآخر مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث امپائرز نے دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

میچ بے نتیجہ ختم ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔

Back to top button