بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اور ایران خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے فائدہ اٹھائیں،ایرانی سفیر

اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات،ایرانی سفارتخانے میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے در میان تجارتی تعلقات میں بہتری،بارٹر ٹریڈ،توانائی کے منصوبوں سمیت دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہاکہ خطے میں رونما ہونے والی نئی تبدیلیاں پاکستان اور ایران کیلئے بڑا موقع ہیں۔ایران سعودیہ تعلقات میں بہتری سے علاقے میں امن،ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔پاکستان اور ایران کو مل کر ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر ایرانی سپریم لیڈر سید آیت اللہ خامنہ ای کی ہدایت پر پاکستان آئے ہیں۔

دونوں ممالک کے در میان تجارتی تعلقات کی بہتری ان کا ترجیحی مقصد ہے۔پاکستان،ایران،افغانستان اور روس کے در میان مقامی کرنسیوں میں تجارت سے تمام علاقائی ممالک کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے در میان چاول،گوشت،سپورٹس گڈز،سرجیکل آلات،پھلوں،خشک میوہ جات،زرعی آلات،توانائی سمیت دیگر اشیاء کے تبادلے کے ذریعے موجودہ تجارتی حجم کو بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے در میان براہ راست پروازیں شروع ہونی چائیں تاکہ 30کروڑسے زائد افراد پر مشتمل دونوں ممالک کی بڑی آبادی ایک دوسرے کے ممالک میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔ایران اور پاکستان کے در میان سڑک اور ریل کے نظام میں جدت لانے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی سامان کی نقل و حمل کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔علاقے میں امن اور تیز رفتار ترقی کیلئے اس منصوبے کو جلد مکمل ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیے  تمباکو پر زیادہ ٹیکس حکومت کے لیے ایک خوش آئند صورت حال ہے، ملک عمران

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ڈی ایٹ، ای سی او اور شنگھائی کواپریشن آرگنائزیشن جیسی تنظیموں کا حصہ ہیں،ان علاقائی تنظیموں کو فعال کرنے کیلئے دونوں ممالک کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان،ایران اور ترکی کی کل آبادی 40کروڑ کے قریب ہے،تینوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے تمام منصوبوں کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہیے جس میں ریلوے اور سڑک ترجیح ہونی چاہیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی صرف سرحدیں ایک نہیں ہیں بلکہ دونوں ممالک باہمی تاریخی اور ثقافتی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں بڑھ چڑھ کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ موجود تعلقات کی گرمجوشی کو تجارت اور کاروبار کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان اور ایران کی ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔براہ راست فضائی رابطے،ریل اور سڑک کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جانا چاہیے۔اس سلسلے میں دونوں حکومتیں مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی وفود کا مستقل بنیادوں پر تبادلہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے منصوے کی منظوری تاریخی موقع ہے۔

اس سے نہ صرف پاکستان اور ایران کوفائدہ ہوگا بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گروپ لیڈر فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی ممالک ہونے کے باوجود ایک دوسرے کی صلاحیتوں کے مطابق فائدہ نہیں اٹھا سکے۔اب وقت ہے کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے پر انحصار بڑھائیں اور باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں۔سیکرٹری جنرل یونائیڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اورایران کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔بلوچستان اور ایرانی سرحدی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر بد امنی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں مقصود تابش،اعجاز شیخ،چوہدری جاوید اقبال بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیے  افغانستان پر سے معاشی پابندیاں ختم ہونی چاہئیں،چین
Back to top button