بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اکیلا بھی رہ گیا تو تب بھی اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا رہوں گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ پنجاب کی نگران حکومت 40 دہشت گردوں کے نام کیوں نہیں بتا رہی؟ایک بیان میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ 30 سے 40 لوگوں کو اپنے ساتھ لا کر مجھ پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا جائےگا جیسے پچھلی بار گھر سےکلاشنکوف اور پیٹرول بم برآمدکرنےکا دعویٰ کیا گیا تھا۔

زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے خود دیکھا کہ زمان پارک میں کوئی دہشت گرد نہیں، 9 مئی کے واقعات پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس جلانے کی کون مذمت نہیں کر رہا؟ ڈاکٹر یاسمین اور میری بہنوں نے لوگوں کو اندر جانے سے روکا، جو کچھ ہوا ہے اس پر تحقیقات بہت ضروری ہیں، سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے سب کچھ سامنے آنا چاہیے تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن پر ہر ایک سے بات کرنےکو تیار ہوں، نقصان ملک کا ہوا اور فائدہ پی ڈی ایم کو ہوا، پہلے صاف شفاف انتخابات ہوں پھر مسائل حل ہوں گے، نگران حکومت نے الیکشن کرانےکے بجائے قانون اور آئین کو توڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ کسی کے مذاکرات نہیں ہو رہے، ایک سال سے پارٹی ختم کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے، جو چھوڑ کر جا رہے ہیں جانتا ہوں ان پر بڑا پریشر ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جو لوگ یہ دباؤ برداشت کر گئے، اپنی پارٹی کے جن لوگوں نے یہ برداشت کیا ہے، قوم آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور آپ کو بھولے گی نہیں۔پارٹی ارکان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے ان پر کس طرح کا دباؤ ہے، جس طرح آپ کھڑے ہیں نہ میں آپ کو بھولوں گا اور نہ یہ قوم آپ کو بھولے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بھی پتا ہے کہ آپ کس طرح کا دباؤ برداشت کر رہے ہیں

مزید پڑھیے  عمران خان سمیت دیگر کیخلاف کیسز پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امریکا

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں اگر اکیلا بھی رہ گیا تو تب بھی اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا رہوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ میں اس دباؤ کی وجہ سے شاید پیچھے ہٹ جاؤں گا، جس پر دو قاتلانہ حملے ہوچکے ہوں اور پھر بھی پوری طرح تحریک سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے تو سمجھیں وہ پیچھے نہیں ہٹے گا

Back to top button