بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نامور اداکار اور ڈراما نگار شعیب ہاشمی انتقال کر گئے

نامور اداکار اور ڈراما نگار شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد آج سہہ پہر کو 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔اداکار کے انتقال کی خبر سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کی، شعیب ہاشمی معاشیات کے پروفیسر بھی رہ چکے ہیں وہ آرٹسٹ اور ماہر تعلیم سلیمہ ہاشمی کے شوہر تھے۔پی ٹی وی کے مطابق انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے معاشیات میں ماسٹرز کیا، لندن اسکول آف اکنامکس سے ایم ایس سی کیا اور لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس سے تھیٹر کی تعلیم حاصل کی۔

1990 کی دہائی سے قبل ٹی وی پروڈکشنز آکڑ بکڑ، سچ گپ، تال مٹول اور بلیلا کےعلاوہ دی نیوز اور گلف نیوز کے لیے لکھے گئے کالم کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔شعیب ہاشمی نے تھیٹر کے لیے بھی لکھا اور چند کتابوں کا ترجمہ بھی کیا۔

سانگ فار دس ڈے: فیض احمد فیض کی 52 نظمیں (A song for this day: 52 poems by his father-in-law Faiz Ahmed Faiz) ان کے قابل ذکر ترجموں میں سے ایک تھا۔اردو میں ڈراما نگاروں اور ڈراموں کی اشاعت کی کمی کی وجہ سے انہوں نے مقامی تھیٹرز کے لیے انگریزی ڈراموں کے کئی ترجمے کیے۔

شعیب ہاشمی نے 1970 کی دہائی میں پی ٹی وی کے لیے ابتدائی طنزیہ پروگرام کے لیے اسکرپٹ بھی لکھا، انہوں نے آخری بار 1979 میں ٹی وی سیریل ’بلیلا‘ میں کام کیا تھا جس پر ضیاء آمریت نے پابندی لگا دی تھی۔

Back to top button