بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

پاکستان میں منکی پاکس کا اب کوئی کیس نہیں، صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے، عبدالقادر پٹیل

ابھی تک ایک کیس رپورٹ ہوا، متاثرہ شخص صحت یاب ہو چکاہے، مشتبہ کیسز کے 22سیمپل بھیجے تھے، سب منفی نکلے

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ منکی پاکس کا پاکستان میں ابھی تک ایک کیس رپورٹ ہوا جس کا متاثرہ شخص صحت یاب ہو چکاہے، مشتبہ کیسز کے 22سیمپل بھیجے تھے جوسب منفی نکلے ، منکی پاکس کا پاکستان میں کوئی کیس اب نہیں۔

منگل کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ منکی پاکس کا مریض پمز ہسپتال میں زیر علاج رہا تھا۔ الحمد اللہ مریض کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور وہ اب صحت یاب ہو چکا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ ہسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ انہوں نے بہترین اقدامات کئے ،حکومت عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، ہمارے تمام اداروں ہر قسم کی وباں اور بیماریوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے تمام ایئرپورٹس اور داخلی اور خارجی راستوں پر ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا ہوا ہے، صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے، منکی پاکستان سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دے رکھی ہے۔

Back to top button