بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

ملک میں منکی پاکس کیس کی تصدیق ، وفاقی حکومت کا ڈبلیو ایچ او سے ویکسین حاصل کرنے کا فیصلہ

ملک میں منکی پاکس کیس کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے الرٹ جاری کردیا ۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے الگ وارڈ بنانے کے لیے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ۔ مراسلہ کے مطابق پاکستان میں منکی پاکس کیسوں کے بعد تمام ڈی ایچ کیوز میں پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔ مراسلہ کے مطابق علیحدہ وارڈ میں پی پی ای کو یقینی بنایا جائے ۔دوسری جانب  پاکستان نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے منکی پاکس کی ویکسین حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی ادارہ صحت کے حکام کے مطابق ملک میں منکی پاکس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت سے تکنیکی معاونت طلب کرلی گئی ہے جب کہ ڈبلیو ایچ او سے منکی پاکس کی ویکسین بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کام نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او سے حفاظتی سامان لیا جائے گا اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرزکو ویکسین لگائی جائےگی۔

حکام کے مطابق قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں 20 مشتبہ سیمپل ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور پوری دنیا سے پاکستان آنے والے مشتبہ مریضوں پر نگاہ رکھی جا رہی ہے جب کہ دنیا بھر سے بےدخل ہونے والے پاکستانیوں پرنظررکھی جارہی ہے، ہرمہینے تقریباً 3 سے 4 ہزار پاکستانی بیرون ممالک سے بےدخل ہوکرپاکستان واپس آتے ہیں۔

مزید پڑھیے  اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے ایک بندہ بھی نہیں دینگے، خیبرپختونخوا حکومت
Back to top button