بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔ملزم راؤ گل خان کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا، وکیل ملزم فہیم حیدر اور تھانہ سیکرٹریٹ کا تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے عدالت سے ڈرائیور کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم وفاقی وزیر کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور کو جائے وقوعہ سے گرفتار کیا، ملزم راؤ گل خان کے دو ساتھی شدید زخمی ہیں اور پولی کلینک میں زیر علاج ہیں، ڈرائیور کے دیگر دو ساتھی جائے وقوعہ سے کل رات فرار ہو گئے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کا ڈرگ ٹیسٹ اور فرار ہونے والے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تفتیش باقی ہے، معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور تحقیقات کیلئے مناسب تفتیش کیلئے وقت درکار ہے، عدالت نے ڈرائیور ملزم راؤ گل خان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

Back to top button