بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جماعت اسلامی نے ون پوائنٹ ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز دے دی

 جماعت اسلامی نے عید الفطر کے بعد ون پوائنٹ ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز دے دی۔ذرائع کے مطابق سیاسی منظر نامے پر بڑی پیشرفت کیلئے آل پارٹیز کانفرنس جماعت اسلامی کی قیادت میں ہو گی، کانفرنس میں عمران خان اور شہباز شریف کو بلانے کیلئے رابطے شروع کر دیئے گئے، آل پارٹیز کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا “عام انتخابات کے ایک ہی دن انعقاد پر اتفاق رائے” ہوگا۔جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ مختلف تاریخوں میں انتخابات کا انعقاد ملک کے مفاد میں نہیں لہٰذا حکومت اور اپوزیشن الیکشن بارے ایک تاریخ میں اتفاق کریں، حکومت کو اکتوبر سے قبل جبکہ تحریک انصاف کو مئی کے بعد الیکشن کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد وفود سے جماعت اسلامی کی قیادت کے اے پی سی سے پہلے مذاکرات ہوں گے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق گزشتہ روز شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کر کے ابتدائی بات چیت کا آغاز کر چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کو جماعت اسلامی سے معاملات آگے بڑھانے کیلئے گرین سگنل دے دیا گیا۔

Back to top button