بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے روک دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان عدالت میں پیشی کے لیے زمان پارک سے قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے تھے۔سری نگر ہائی وے پر عمران خان کے قافلے کو اسلام آباد پولیس سکواڈ نے حصار میں لے کر قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں کو روک لیا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اسلام آباد پولیس نے غلام سرور خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، سری نگر ہائی وے پر پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا جن میں عمران خان کا آفیشل فوٹو گرافر نعمان جی بھی شامل ہے۔

عمران خان کے ساتھ اسلام آباد آنے والی گاڑیوں کو گولڑہ موڑپر روک لیا گیا اور ان کے ساتھ صرف 4 گاڑیوں کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دی گئی، سابق وزیراعظم کے ساتھ جیمر والی گاڑی کو بھی آگے جانے کی اجازت دے دی گئی۔سابق وزیراعظم کی گاڑی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر داخلے کی اجازت مل گئی، پولیس نے ہائیکورٹ سائیڈ پر تمام گاڑیوں کو روک لیا۔

Back to top button