بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امداد ڈیفالٹ کی مہم چلانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، رانا ثنا اللہ

وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری دنیا سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد اور پاکستان پر اعتماد پچھلے 3 ماہ سے ملک کے ڈیفالٹ کی مہم چلانے والوں کے ’منہ پر طمانچہ‘ ہے۔

رانا ثنا اللہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے پاکستان کی توقع 8 ارب ڈالر تھی لیکن دنیا بھر سے پاکستان کو 11 ارب ڈالر کی خطیر رقم موصول ہوئی ہے، یہ رقم پاکستان کے لیے قرضہ نہیں بلکہ گرانٹ ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد ’عمرانی ٹولے‘ کی جانب سے تباہ کی گئی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہے، اس رقم سے ڈالر سستا ہوگا اور مہنگائی بھی ختم ہوگی۔

رانا ثنااللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ مسائل حل ہوں گے تو عوام کی ناراضگی بھی دور ہوگی اور ’عمرانی ٹولے‘ کی جعلی شہرت اگلے تین ماہ میں انجام کو پہنچ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی سال الیکشن میں پنجاب سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتیں الیکشن جیت کر اپنے سفر کو جاری رکھیں گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ اسی سطح پر لے کر جائیں گے جہاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا تھا، لیکن ’عمرانی ٹولے‘ نے پاکستان کی معیشت کا برا حال کردیا۔

وفاقی وزیر نے پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی اقلیتی حکومت اس وقت پنجاب میں مسلط ہیں، انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میرا داخلہ بند کرنے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات سے انکار کردیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ انہیں جب معلوم ہوگیا کہ ایوان میں ان کے پاس مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل نہیں ہے تو انہوں نے ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے، انہیں خوف ہے کہ ان کی چوری پکڑی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پچھلے 3 ماہ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب کو جتنا لوٹ لیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران منی لانڈرنگ کی، آج مہنگائی اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہماری تعداد 179 ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ تعداد 180 ہوجائے، پنجاب حکومت کے پاس 186 تعداد نہیں ہے، اس صورتحال میں اگر نئے وزیراعلیٰ کا الیکشن ہوتا ہے تو وہ آئین کے مطابق ہوگا ورنہ وفاقی حکومت آئینی طور پر صوبے میں گورنر راج لگا سکتی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین کے کیس میں اگر وہ نااہل ہوجاتے ہیں کہ تو انہیں پارٹی چیئرمین سے دستبردار ہونا پڑےگا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کیس میں میری گرفتاری عمران خان کے کہنے پر ہوئی، میرے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے، تمام گرفتاریاں عمران خان کے کہنے پر ہوئی تھیں۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوکر وزیراعظم بن جاتے ہیں تو یہ پاکستان کی تباہی ہوگی، عمران خان اقتدار میں آکر اپنے مخالفین کے خلاف مقدمات بنائے گا، انتقامی کارروائی کرےگا، اگر عمران خان انتخابات میں ناکام ہوجاتے ہیں تو وہ الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اس وقت ملک کو الیکشن کی ضرورت نہیں بلکہ ملک کی معیشت کو سنبھالنے کی ضرورت ہے، آئندہ انتخابات میں عوام کی ووٹ کی طاقت سے ’فتنا و فساد‘ (عمران خان) سے ملک کو نجات دلائیں گے۔

Back to top button