بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

سینئر زراعت آفیسر رانا خان بہادر جاوید مدت ملازمت سے ریٹائر ہو گئے

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) علاقہ تھل کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مثالی خدمات سر انجام دینے والے ہر دلعزیز سینئر آفیسر رانا خان بہادر جاوید مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے ۔ سینئر زراعت آفیسر رانا خان بہادر جاوید جن کا شمار صوبہ پنجاب کے ممتاز ماہرین زراعت میں ہوتا ہے ۔انہوں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے لیے مجموعی طور پر 37 سال سروس کی اور بطور ڈائریکٹر زراعت ضلع چکوال سکیل نمبر 20 میں ریٹائرمنٹ لی۔ موصوف انتہائی ہردلعزیز، ملنسار ،پر وقار ،بردبار ،معاملہ فہمم اور پرخلوص شخصیت کے مالک ہیں ۔ رانا خان بہادر جاوید نے طویل عرصے تک تحصیل نور پور تھل، ضلع خوشاب اور ضلع بھکر کے کسانوں کے لیے بطور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گرانقدر خدمات سر انجام دیں ۔ علاقہ تھل میں سبز انقلاب لانے کے لئے بھرپور کوشاں رہے ۔

جس کی وجہ سے علاقہ تھل کے کسانوں اور کسان تنظیموں میں بہت مقبول ہوئے ۔ ڈائریکٹر زراعت رانا خان بہادر جاوید کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں پروقار الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ایکس ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن فیض محمد کندی، ڈائریکٹرز میانوالی ملک محمد نواز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت فارمز میانوالی غلام حر، ایکس ڈائریکٹر زراعت سرگودھا محمد رمضان خان نیازی ،ایس ایس ایم ایس چکوال اعجاز حسین سعید ،فارم مینیجر چکوال محمد وقاص، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت میانوالی ملک رضوان حسن ، اے آراو چکوال انصر منیر اور سرگودھا ڈویژن سے دیگر زراعت آفیسر زنے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر زراعت آفیسر رانا خان بہادر جاوید کی ڈیپارٹمنٹ کے لیے شاندار خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں آفیسرز اور دیگر سٹاف کی طرف سے تحائف بھی پیش کئے گئے ۔

Back to top button