بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

مذہب اسلام کی سنہری تعلیمات ہمارے لیے مینار نور ہیں، جسٹس (ر) کاظم علی ملک

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) فخر خوشاب ، ایکس ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب جسٹس (ر) کاظم علی ملک نے کہا ہے کہ ہمارے پیارے مذہب اسلام کی سنہری تعلیمات ہمارے لیے مینار نور ہیں جن پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہی ہم فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن سرگودھا کے زیراہتمام اینٹی کرپشن کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب اختر سرفراز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔ سیمینار کی صدارت عاصمہ اعجاز چیمہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے کی ۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈے کو منانے کا بنیادی مقصد اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عوامی شعور کو بیدار کرنا ہے ۔ عاصمہ اعجاز چیمہ نےتعلیمی اداروں پر زور دیا کہ نوجوان نسل کی ایسی ذہن سازی کریں کہ وہ کرپشن کو گناہ کبیرہ سمجھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ہمارے دفتر کے دروازے ہمہ وقت عوام کے لئے کھلے ہیں ۔جہاں پر عوامی شکایات سنی جاتی ہیں اور کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کیے جاتے ہیں ۔ عاصمہ اعجاز چیمہ نے عوام پر زور دیا کہ کرپشن کی رپورٹ کرنے کے لئے گھر بیٹھ کر موبائل ایپلیکیشن ،رپورٹ کرپشن ایپ استعمال کریں ۔ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر کے افراد سمیت طلبا اور طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

Back to top button