بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان بیت المال کو ‏مستحق افراد تک رسائی کیلئے دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے پاکستان بیت المال کو ‏مستحق افراد تک رسائی کیلئے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے وزارت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ میں معاون خصوصی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کی سینئر انتظامیہ بھی موجود تھی جنہوں نے معاون خصوصی کے سوالات کے جوابات دئیے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے معاون خصوصی کو پاکستان بیت المال کے تنظیمی ڈھانچہ، قانونی مینڈیٹ، بیت المال بورڈ، ایچ آر اور مختلف پروگراموں/ اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ معاون خصوصی کو صحت، تعلیم، بچوں کے تحفظ اور دیگر سماجی تحفظ کے پروگراموں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی کو بتا یا گیا کہ اب تک 332.29 ملین روپے کے بجٹ میں 314 کو کلیئر امپلانٹ سرجریز کی جاچکی ہیں۔ معاون خصوصی نے زیادہ سے زیادہ بچوں کو کوکلیئر امپلانٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈونر ایجنسیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان بیت المال کی انتظامیہ نے تعلیمی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دسویں جماعت سے لے کر پی ایچ ڈی تک غریب طلباء کو تعلیمی وظیفہ فراہم کیا جاتا ہے،اس میں پیشہ ورانہ تعلیم جیسے ایم بی بی ایس، انجینئرنگ وغیرہ بھی شامل ہیں۔گزشتہ چار سالوں کے دوران مجموعی طور پر 593 ملین روپے کے 21,249 وظائف دیئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی نے مستحقین کی تعلیم اور آگاہی کے لیے پاکستان بیت المال کے مختلف اقدامات کو میڈیا میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کو یہ بھی بتایا گیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے 163 مراکز میں 277,328 خواتین کو کٹنگ، ڈرافٹنگ، ٹیلرنگ، ہینڈ ایمبرائیڈری، مشین ایمبرائیڈری، ہینڈ نٹنگ، فیبرک پینٹنگ، بلاک پرنٹنگ، زری ورک، بیوٹیشن، کمپیوٹر، وغیرہ کی تربیت دی گئی ہے۔ مصنوعی اعضاء اور وہیل چیئرز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی بیت المال نے بتایا کہ چار سالوں میں 23,157 معذور افراد پر 430 ملین روپے خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیلٹر ہومز میں 616,500 افراد کو رات کا مفت قیام اور ناشتہ فراہم کیا گیا اور پاکستان بھر میں 5,515,357 افراد کو مفت رات کا کھانا فراہم کیا گیا۔ روٹی سب کی لیے اقدام کے ذریعے 3,387,595 افرد کو کھانا دیا کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے پاکستان بیت المال کے سماجی بہبود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔

Back to top button